میکسیکن ‘ڈرگ لارڈ’ کو امریکا میں عمر قید کی سزا

Joaquín Guzmán

Joaquín Guzmán

نیویارک (جیوڈیسک) میکسیکن ڈرگ لارڈ خواکین گوزمین عرف الچاپو کو امریکا میں عمر قید کی سزا کے ساتھ ساتھ 30 سال اضافی قید کی سزا سنا دی گئی۔

عمر قید کی سزا پانے والے 60 سالہ خواکین گوزمین کو 30 سال کی اضافی سزا اسلحہ کے غیر قانونی استعمال پردی گئی ہے اس کے علاوہ الچاپو کو 12.6 ارب ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

رواں برس فروری میں 62 سالہ الچاپو پر نیویارک کی وفاقی عدالت نے منشیات اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سمیت 10 الزامات پر فرد جرم عائد کی تھی جن پر اب انہیں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الچاپو 2015 میں ایک سرنگ کے ذریعہ میکسیکن جیل سے فرار ہوگیا تھا تاہم بعد میں اسے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا اور 2017 میں اسے امریکا کے حوالے کردیا گیا تھا۔

خواکین گوزمین اسمگلنگ اور منی لانڈنگ میں ملوث تنظیم سینالوا کارٹیل کا سابق سربراہ ہے جو امریکا میں منشیات اسمگل کرنے والا سب سے بڑا کارٹیل ہے۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے سے قبل الچاپو نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے امریکا میں دوران حراست 24 گھنٹے نفسیاتی، جذباتی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

خواکین گوزمین کا مزید کہنا تھا کہ اس پر مقدمہ غیر منصفانہ طریقے سے چلایا گیا اور اس پر بدعنوانی کے لگائے گئے الزامات غلط ہیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ خواکین گوزمین کو اب کولوراڈو کی سخت سیکیورٹی والی جیل میں رکھا جائے گا۔

یہ واضح نہیں کہ گوزمین کی طرف سے فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی یا نہیں۔