القاعدہ کی جانب سے مشرق وسطی اور شمالی افریقا میں حملوں کا امکان

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے مشرق وسطی اور شمالی افریقا میں سفارتخانوں پر ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت کر دی۔ برطانیہ نے سیکیورٹی وجوہات پر یمن میں اپنا سفارت خانہ اتوار اور پیر کو بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے ایک عہدے دارنے کہا ہے کہ صدر اوباما نے مشرق وسطی، یمن اور شمالی افریقا میں امریکی شہریوں اور امریکی سفارتخانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی نیشنل سیکیورٹی ٹیم کو تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

گزشتہ روز امریکا نے القاعدہ کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد تمام مسلم ممالک میں اپنے سفارتخانوں کو اتوار 4 اگست کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کوسفری ہدایات بھی جاری کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ رواں ہفتے حملوں کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔ دوسری جانب بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر برطانیہ نے بھی یمن میں اپنا سفارتخانہ 4 اور 5 اگست کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔