وزیر بلدیات سندھ کا 23 اضلاع میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے آڈٹ کا حکم

Awais Muzaffar

Awais Muzaffar

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر بلدیات اویس مظفر ٹپی نے صوبے کے 23 اضلاع کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا پچھلے 10 سالوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلی ہاس کراچی میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی میں بارشوں کے بعد نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں اربوں روپے کاغذ کا پیٹ بھر کے خورد برد کئے گئے ۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے 23 اضلاع کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا پچھلے 10 سالوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

کراچی سے کشمور تک ہر تعلقہ، تحصیل، ضلع، ٹاون کا آڈٹ کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈٹ میں خورد برد کرنے والے افسران اور ناظمین کو جیل بھیجنے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں، ان کے بقول سندھ میں حالیہ بارشوں میں تیاری صرف کاغذوں میں کی گئی۔