میرانشاہ اور خیبر ایجنسی میں پولیو کے 4 نئے کیس سامنے آ گئے

Polio Case

Polio Case

اسلام آباد (جیوڈیسک) میرانشاہ اور خیبر ایجنسی میں پولیو کے چار نئے کیس سامنے آ گئے۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ علماء کرام پولیو خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔

انسداد پولیو پر قومی اسلامی مشاورتی گروپ کے پہلے اجلاس میں عالمی ادارہ صحت پولیو سیل کے سربراہ ڈاکٹر ریاض درے نے بتایا کہ خیبرایجنسی کے گیارہ ماہ کے فہد اور ڈیڑھ سالہ یاسر جبکہ میرانشاہ کی چار ماہ کی شمائلہ اور دو سال دس ماہ کی مانوفیہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد بیاسی ہو گئی ہے۔

وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تاڑر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے قطروں کو حرام قرار دینے والوں کی ذہن سازی کیلئے علماء کرام کردار ادا کریں۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ طالبان سے جنگ بندی ہو گئی تو پولیو کا مسئلہ خودبخود حل ہو جائے گا۔