لاپتہ افراد کے لواحقین کا حکمرانوں سے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) لاپتہ افراد کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران اپنے الیکشن وعدے پورے کرتے ہوئے ان کے پیاروں کی بازیابی کیلئے اقدامات کریں، آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم صرف ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے لاپتہ افراد کو رہا کر سکتے ہیں۔ لاپتہ افراد کے لواحقین نے ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 8 سال قبل شروع ہونے والے ان کے احتجاج کے بعد تیسری حکومت آ گئی ہے لیکن تاحال ان کے رشتہ دار لاپتہ ہیں۔

اگر ان کے پیاروں سے کوئی جرم ہوا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کریں، ان کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجٹ سے زیادہ اہم لاپتہ افراد کی بازیابی ہے۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ عمران خان اور منور حسن نے ان کی آواز ہر فورم پر اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔

میاں نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حکومت میں آکر قید خانوں کے دروازے کھول دیں گے، لاپتہ افراد کے لواحقین اس کے منتظر ہیں۔ جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی اور جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے لاپتہ افراد کے مظاہرہ میں شرکت کر کے اظہار یک جہتی کیا۔