دنیا خبردار رہے جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں: وزیراعظم عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا خبردار رہے کہ جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی ریاستیں آمنے سامنے ہیں۔

وزیراعظم کا ہیوسٹن میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (اسنا) کنوینشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام غیر مسلم اقلیتوں کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے جب کہ بھارت میں آج بھی مسلمان اور دیگر اقلیتیں غیر محفوظ اور حقوق سے محروم ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کی حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کی پالیسی کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام چار ہفتے سے لاک ڈاون کا شکار ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ بھارت آزاد کشمیر میں کارروائی کر سکتا ہے لیکن اگر مودی سرکار نے ایسی کوئی حرکت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا خبردار رہے کیونکہ جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، کیوں ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، نائن الیون کے بعد ہر واقعے کو اسلام سے جوڑا گیا، کسی ایک شخص کے عمل کو مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا۔