18 ماہ بعد غیر ملکیوں کے لیے عمرہ سیزن کا آغاز

Umrah

Umrah

ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب نے 18 ماہ کے وقفہ کے بعد غیر ملکیوں سے عمرہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں کے باعث تقریباً 18 ماہ سے بندش کا شکار عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے بعد عمرہ کی خواہش رکھنے والے تمام غیر ملکی 9 اگست سے عمرہ درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ابتدائی طور پر 60 ہزار غیر ملکیوں کو عمرہ کی اجازت دی جائے گی تاہم ہر ماہ اس میں اضافہ کیا جائے گا اور یہ تعداد 20 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، اس کے علاوہ درخواست گزار کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ بھی جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے تمام درخواست گزار جن کا تعلق سفری پابندیوں میں شامل ممالک سے ہے، سعودی عرب میں داخلہ پر انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔