ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی بھمبر میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا

بھمبر : ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی بھمبر میں مہنگائی کاجن بوتل سے باہر آگیا گوشت، سبزی ،فروٹ اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگی غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا گرمی کی شدت اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کا پہلے ہی جینا دوبھر کر رکھا ہے پینے کے پانی کا قحط ختم کرنے اور سستا بازار لگانے کیلئے عوام علاقہ کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے عوامی مطالبہ تفصیلات کے مطابق 2013 کے بجٹ کے بعد مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔

رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کے جن کا بوتل سے باہر آنا غریب اور متوسط طبقوں کیلئے خطرے کاالارم ہے رمضان المبارک سے قبل ہی ملک بھرکی طرح بھمبرمیں بھی اشیاء خوردونوش گوشت ،سبزی ،فروٹ ،آٹا ،چاول ،چینی ،بیسن ،آلو ،چھوٹا گوشت ،بڑا گوشت ،دودھ ،دہی میدہ ،گھی وغیرہ کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جو کہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔

اشیاء خوردونوش ،سبزی ،فروٹ اور گوشت کی خرید غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہے جبکہ دوسری طرف شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں دیہاڑی دار لوگ سخت پریشانی کا شکار ہیں اور اوپر سے مہنگائی نے رہی سہی کسر نکال دی ہے جبکہ شہر کے اندر لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی سپلائی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پینے کا پانی کا بھی قحط پڑ گیا ہے بھمبرکے سیاسی وسماجی وعوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھمبر سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرانے اور پانی کا قحط کوختم کرانے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کوکنٹرول کرنے کیلئے سستے بازار لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔