ماسکو نے یوکرین پر حملے کی وجہ امریکا کو قرار دیدیا؟

Maria Zakharova

Maria Zakharova

روس (اصل میڈیا ڈیسک) روس نے یوکرین پر حملے کی وجہ بتادی اور یہ بھی کہا کہ وہ صدر ولودومیر زیلنسکی کی حکومت کو ختم کرنا نہیں چاہتا، ثبوت ہیں کہ امریکا کی یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار بنانے کی لیباریٹریز ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ ماسکو زیلنسکی کا تختہ الٹنے کے لیے یہ کام نہیں کر رہا۔

خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان بات کے حالیہ دور میں کچھ پیش رفت بھی دیکھی گئی ہے، تاہم اس دوران روس نے یوکرین پر اپنے مطالبات رکھے ہیں۔
یوکرین نوفلائی زون کا خواہشمند، نیٹو کیوں کترانے لگا؟

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس یہ دستاویزی ثبوت ہیں کہ امریکا یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار بنارہا ہے۔

امریکی انڈر سیکریٹری اسٹیٹ برائے سیاسی امور وکٹوریہ نولینڈ کا حوالہ دیتے ہوئے ماریا زخارووا کا کہنا تھا کہ ’ایک سوال کے جواب میں نولینڈ نے یہ تصدیق کی تھی کہ یوکرین میں حیاتیاتی ریسرچ کی لیباریٹریز ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم سائنسی مقاصد کے لیے ان لیباریٹریز کے بارے میں بات نہیں کر رہے، ان پروگرامز میں پیسہ تو امریکی محکمہ دفاع کی جانب دے دیا جا رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکی محکمہ دفاع اور امریکی انتظامیہ سرکاری طور عالمی برادری کے سامنے یوکرین میں اپنے اس پروگرام کی وضاحت دینے کے پابند ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم تفصیلات کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں اور دنیا کو اس کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین اور امریکا پہلے ہی روس کی جانب سے حیاتیاتی ہتھیار بنانے کے الزام کو مسترد کر چکے ہیں۔