بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی

Rain Weather

Rain Weather

اسلام آباد(جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش سے موسم پھر سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ بارہ گھنٹے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے بارہ گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں چودہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ پنجگور اور ڈی جی خان میں بھی بادل خوب برسے، دونوں مقامات پر بارہ ملی میٹر بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ ژوب میں نو، لاڑکانہ، جیکب آباد اور سمگلی میں سات ملی میٹر بارش ہوئی۔

ڈی آئی خان، بارکھان ،خضدار، بہاولپور میں کالے بادل چھاگئے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ کراچی میں ہلکی بارش کے بعد تیز ہوائیں چلیں جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران بلوچستان ، بالائی سندھ ، جنوبی پنجاب ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں برفباری کا امکان ہے۔ بارشوں اور برفباری کا نیاسلسلہ تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کم سے کم درجہ حرارت پارہ چنار میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا جبکہ استور میں درجہ حرارت منفی چار، گوپس اور اسکردو میں منفی تین، کالام منفی دو اعشاریہ پانچ ، ہنزہ میں منفی دو اعشاریہ دو ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔