تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں کیا جاسکا

Zahra shahid husain

Zahra shahid husain

کراچی (جیوڈیسک) کراچی تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کا مقدمہ ابھی تک درج نہیںکیا جاسکا۔ پوسٹمارٹم کے مطابق مقتولہ کو قریب سے دو گولیاں ماری گئیں تدفین آج کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز فور میں گذشتہ رات گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق تحریک انصاف کی مقتول رہنما زہرہ شاہد کی لاش کا پوسٹ مارٹم آج صبح جناح اسپتال میں مکمل کرلیا گیا۔

لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر نسرین قمر کے مطابق 60 سالہ زہرہ شاہد کو 30 بور پستول کی دو گولیاں قریب سے لگیں جبڑے پر لگنے والی ایک گولی سر کے پار ہوگئی جبکہ دوسری گولی پیٹھ میں لگی۔ پولیس ذرائع کے مطابق زہرہ شاہد پر فائر کی گئی 4 میں 2 گولیاں ان کے گھر کے گیٹ پر لگیں۔

ایس ایس پی ناصر آفتاب کے مطابق قتل کی واردات کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ مقتولہ کی تدفین آج کی جارہی ہے لواحقین کے مطابق تدفین کے بعد وہ وکلا سے مشورے سے ایف آئی آر درج کرائیں گے۔