تحریک انصاف کا تیسرے روز بھی دھرنا، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے کارکنوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز بھی دھرنا دیا۔ دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس انتخابات میں دھاندلیوں کا نوٹس لیں۔ لاہور کے حلقہ پی پی ایک سو پچاس میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے تحریک انصاف کے کارکن دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

دھرنے کے شرکا پولیس تشدد کے خلاف وقفے وقفے سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی پی ایک سو پچاس میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے جبکہ ملتان میں تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں کارکنوں پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

بہاولپور بائی پاس پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے کارکنوں پر قائم مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مردان میں بھی تحریک انصاف کے کارکن نے پنجاب پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔