ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کار حادثے کا شکار

Khawaja Izharul Hassan

Khawaja Izharul Hassan

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی گھوٹکی سے کراچی واپسی پر حادثے کا شکار ہو گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کے لیے گھوٹکی گئے تھے تاہم واپسی میں کراچی پہنچنے سے قبل ٹول پلازا کے قریب گاڑی ٹکرائی اور حادثے کا شکار ہو گئی۔

خواجہ اظہار کی گاڑی سے پیچھے موجود اُن کے محافظ کی گاڑی بھی ٹکرائی جس سے زیادہ نقصان ہوا۔

خواجہ اظہار کے قافلے میں شریک ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سنجے پروانی نے حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ میری گاڑی سب سے پیچھے تھی۔

سنجے پروانی کا کہنا ہے کہ روڈ پر گڑھا کھدا ہوا تھا لیکن علامت کوئی نہیں تھی جب کہ تعمیراتی کام کے باعث پڑی مٹی ڈرائیور کو نظر نہیں آئی اور گاڑی ٹکرا گئی، حادثے کے مقام پر متبادل راستہ تھا لیکن اس کی کوئی نشاندہی نہیں کی گئی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن عامر خان نے بتایا کہ خواجہ اظہار کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئی ہیں جب کہ تین محافظ بھی زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے،زخمیوں کو اسٹیڈیم روڈ پرنجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے اہم رہنما فیصل سبزواری کے مطابق خواجہ اظہار کا سٹی اسکین مکمل ہوگیا ہے سر میں شدید چوٹ ہے لیکن خطرے والی کوئی بات نہیں۔