دہشت گردوں کے سہولت کار وفاقی وزیر ہیں: بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کار وفاقی وزیر ہیں۔

رتو ڈیرو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا بلکہ کہا کہ تین وفاقی وزراء کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ روابط ہیں، ایسے وزیرروں کو ہٹانے کے بجائے ایک اور ایسا ہی وزیر لایا گیا۔ ایک ایسا وزیر بھی شامل کیا جس کا نام نہ صرف بے نظیر بھٹو نے لیا تھا بلکہ ڈینیئل پرل کے قتل میں بھی اس کا نام آتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر بنانا خان صاحب کا حق ہے لیکن دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گرد آپ کے وزیر ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب کی حکومت نیب سے شروع ہو کر نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کالا قانون ہے جو سیاسی مخالفین کے لیے بیایا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں، خان صاحب سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنواتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انصاف ہوتا ہے تو کسی پر ہلکا اور بھاری ہاتھ نہیں ہوتا، ایک وفاقی وزیر کے خلاف کئی ثبوت ہیں لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جاتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے عمران خان کا بیان غیر مناسب تھا، ہم چاہتے ہیں کہ افغانسلتان کے مسئلے کا کوئی نتیجہ نکلے لیکن افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان نمائندے ہی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر خان صاحب کہتے ہیں کہ ذمہ داری صوبوں پر ہے تو صوبوں کے پاس وسائل بھی زیادہ ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کے دباؤ میں نہیں آئے گی اور پیپلز پارٹی عوام کے حقوق چھیننے نہیں دے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹرین مارچ نہیں کیا بلکہ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں بذریعہ ٹرین لاڑکانہ تک سفر کیا جس کو زبردست عوامی پزیرائی ملی اس لیے مخالفین نے خوفزدہ ہو کر اسے ٹرین مارچ کا نام دیا۔