قرآن مجید کی تلاوت سکون اور دلوں کو منور کرتی ہے، مفتی محمد نعیم کی تقریب سے گفتگو

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کا چھہ روزہ تراویح میں ختم قرآن کی سادہ وپروقار تقریب کا انعقاد کیاجس مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات علماء کرام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہا کہ اللہ تعالی نے رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت عطاء فرمائی ہے اس مہینے میں شب قدر جیسی رات عنایت کی تاکہ ہم اپنے گناہوں سے استغفار کرسکیں اور اللہ کے حضور سربسجود ہو کر اس کی رحمت کے طلب گار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں رات ہی ہے جب اللہ نے تمام انسانیت کیلئے سرچشمہ ہدایت کتاب قرآن پاک نازل فرمائی ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن مجید کی تلاوت سکون اور دلوں کو منور کرتی ہے۔

قرآن مجید میں انسانیت کا سکون اور شفا موجود ہے ، آج امت مسلمہ جن مسائل کا شکار ہے وہ دین سے دوری اور دنیا سے رغبت ہے موجودہ دور میں ابھرنے والے ہر فتنے کا توڑ کتاب اللہ میں موجود ہے،سائنس جو چیز آج بتاتی ہے وہ قرآن نے 1400سال پہلے بیان کردیاہے، جو قرآن کا دامن تھام لیتاہے رحمتیں اس کا مقدر بنتی ہیں مسلمان شریعت کے مطابق زندگی گزاریں تو اس کا مقابلہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں کرسکتی ، صحابہ کرام حضور سے جو بھی آیت سنتے تھے اس پر عمل بھی کرتے تھے بے عملی علم کی افادیت کو ختم کردیتی ہے،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مسلمانوں کیلئے بہترین نمونہ ہے ہمارے اکابرین کا بھی یہی شیوہ رہاہے جو کچھ حاصل کرتے اس پر عمل کرتے تھے۔