ممبئی حملہ کیس، پر اسیکیوٹر کی عدم پیشی پر سماعت ملتوی

Mumbai Attack Case

Mumbai Attack Case

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ممبئی حملہ کیس کی سماعت بیس جولائی تک ملتوی کر دی گئی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر سیکورٹی خدشات کے باعث آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی۔

کوئی بھی گواہ شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں پیش نہ ہوا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چار گواہوں کو جرح کے لیے طلبی کے سمن جاری کر رکھے ہیں تاہم عدالتی سمن کی تعمیل نہیں کی گئی اور کوئی بھی گواہ شہادت رکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

عدالت نے گواہوں کی دوبارہ طلبی کے سمن جاری کر دیئے ہیں۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر سیکورٹی نہ ملنے پر آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے۔ان کی عدم حاضری کی وجہ سے گواہوں پر جرح کی اجازت کیلیے بھجوایا گیا بھارتی مراسلہ بھی عدالت پیش نہیں کیا جا سکا۔

ممبئی حملہ کیس میں تفتیشی افسر محمد طارق کو تبدیل کر کے محمد غفار کو نیا تفتیشی افسر تعینات کر دیا گیا۔ملزمان کے وکیل ریاض اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر کو سیکورٹی فراہم نہ کرنا ٹرائل میں تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔عدالت نے مقدمے کی سماعت بیس جولائی تک ملتوی کر دی۔