ممبئی دھماکے کیس : بھارتی سپریم کورٹ نے سنجے دت کی سزا 1 سال کم کردی

Sanjay Dutt

Sanjay Dutt

نئی دھلی(جیوڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ نے 93 ممبئی دھماکے کیس میں بالی وڈ اسٹار سنجے دت کو ساڑھے تین سال کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔سنجے دت کو انیس سو ترانوے میں ممبئی بم دھماکوں کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ان پر غیرقانونی اسلحہ رکھنے کاالزام تھاجس پر انہیں چھ سال قید کی سزا سنائی گئی۔سنجے دت نے ڈیڑھ سال جیل میں گزاراجس کے بعد انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی۔

عدالتوں میں یہ کیس بیس سال چلتا رہاجس کے بعد آج سپریم کورٹ نے ان کی سزا چھ سے کم کرکے پانچ سال کردی۔سنجے دت کو اب بقیہ سزا کے ساڑھے تین سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔انہیں ایک ماہ میں خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ممبئی دھماکوں کے کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم یعقوب میمن کی سزائے موت برقراررکھی ہے۔

قصوروار ثابت ہونے والیدس افرادکی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی گئی جبکہ عمرقید پانے والے سترہ مزید ملزموں کی سزا بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 12 مارچ 1993 کو ممبئی کے 12 علاقوں میں زور دار دھماکے ہوئے تھے جن میں 273 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔