بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ، میونسپل کمشنر کمال مصطفی کا ضلع شرقی کے تمام علاقوں میں صفائی وستھرائی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

کراچی ( ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ 1979ء کا فرسودہ بلدیاتی نظام نے دنیا کے بین الاقوامی شہر کراچی کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے، علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ملک بھر میں یکساں 2001ء کا بلدیاتی نظام بحال کرکے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے مقررہ مدت میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں، جمہوری نظام کے استحکام کے لئے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی سمیت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا کر عوام کو صحت مند ماحول فراہم کیا۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے کہا کہ بلدیاتی سہولیات عوام کے دہلیز تک پہنچانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت بلدیاتی سہولیات کی عوام تک فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو بتا یا کہ شاہ فیصل زون سمیت ضلع شرقی کے چاروں زونز میں صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لئے صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا اور اس کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ضلع بھر میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کئے جارہے ہیں۔