بے نظیر قتل کیس، پرویز مشرف کو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا

Musharraf

Musharraf

راولپنڈی(جیوڈیسک)راولپنڈی بے نظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا،ایف آئی اے کی مشترکہ ٹیم نے سابق صدر کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ادھر اکبر بگٹی قتل کیس میں مشرف کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کرائمز برانچ کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بے نظیر قتل کیس میں فاضل عدالت پرویز مشرف کو اشتہاری ملزم قرار دے چکی ہے اور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے بھی ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی ہے۔

ملزم کی گرفتاری کی اجازت دی جائے ،عدالت میں پرویز مشرف کی وکیل افشاں عادل نے مشرف کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف سے تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے چار ممبران کے تبادلے پولیس اور انٹیلی جنس بیورو ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے تحقیقات کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔