مشرف کیخلاف درخواست گزار اسلم گھمن کا کیس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد ججز نظربندی کیس کے تفتیشی افسر نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے کہ ججز نظر بندی کیس میں اعلی عدلیہ کے ججز کے بیانات رکارڈ کرنے کا طریقہ کار بتایا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے پرویز مشرف کے خلاف مقدمے میں چالان مرتب کر لیا ہے، درخواست گذار اسلم گھمن نے مقدمے کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ججز نظر بندی کیس کے مدعی اسلم گھمن ایڈوکیٹ نے جیو نیوز کوبتایاہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد سرکاری وکیل مقدمے کی پیروی کرتا ہے اس لیے اب وہ اس مقدمے کی پیروی نہیں کریں گے۔ دوسری جانب پولیس نے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کے خلاف چالان مرتب کر کے لیگل برانچ میں جمع کرا دیا ہے۔

تفتیشی افسرمبارک کے مطابق چالان آج سب جیل میں ٹرائل کے دوران پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ چالان میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایف آئی آر کی کاپی، پرچہ گرفتاری، پرچہ ریمانڈ، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے قیام کا نوٹی فی کیشن شامل ہیں۔ مدعی اسلم گھمن اور وکلا کے بیانات بھی چالان کا حصہ ہیں۔