مشرف کی حب الوطنی سے خوفزدہ ملک دشمن مشرف کو پھرا قتدار میں نہیں دیکھنا چاہتے عوامی رائے

کراچی : مشرف کی گرفتاری کے حکم کے خلاف پرویز مشرف کے چاہنے والوں کی نمائندہ تنظیم ”پرویز مشرف لورز فورم ” کے زیر اہتمام مزار قائد تا پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

جس میں سول سوسائٹی کاروباری و تجارتی تنظیموں مزدوروں طلباء اساتذہ ‘ڈاکٹر وکلاء اور خواتین و بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی کے شرکاء نے مشرف کی گرفتاری اور وطن واپسی کے بعد مشرف کے ساتھ کئے جانے والے ناروا سلوک اور مشرف کو انتخابات سے دور رکھنے کیلئے جاری سازشوں کے خلاف نعروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور وہ مسلسل نعرے لگارہے تھے۔

پریس کلب پرپہنچ کر پرویز مشرف لور فورم کے چیئرمین ٹی ایچ سید نے شرکاء اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ مین مشرف جیسا دیانتدار محب وطن اور عوام دوست حکمران نہ تو آیا ہے اور نہ ہی کبھی آئے گا جبکہ مشرف نے اپنی پالیسیوں کے ذریعے ملک کو مستحکم اور عوام کو محفوظ و خوشحال بناکر ملک و قوم سے وفاداری کا جو ثبوت دیا ہے۔

اس کی وجہ سے ملک کو لوٹنے والوں کی حب الوطنی بے نقاب ہوچکی ہے اور اب وہ سب مل کر مشرف کیخلاف سازشوں کے جال بچھارہے ہیںمگر پرویز مشرف لورز فورم مشرف کے چاہنے والے اٹھارہ کروڑ پاکستانی عوام کے تعاون ایسی ہر سازش کو ناکام بنادے گی اور ہر محاذ ‘ ہر مرحلے اور ہر سطح پر پرویز مشرف لورز فورم پرویز مشرف کا ساتھ دے گی اور اس کا بھرپور دفاع کرے گی۔