مشرف ہی پاکستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں طاہر حسین

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے میڈیا نمائندگان کے ساتھ قومی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کامطلب عوام کی منتخب کردہ ایسی حکومت ہے جو آئین و قوانین کے تحت ریاست کو چلاتے ہوئے مستحکم بنائے اور انصاف ومساوات کے اصولوںپر عمل پیرا رہتے ہوئے عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

مگر جمہوریت کے نام پر اقتدار میں آنے والوں نے جمہوریت کو کرپشن واستحصال کا ذریعہ بناکر جمہوری نظام کو برباد کردیا ہے اسلئے کرپشن کا خاتمہ اور نظام کی اصلاح کے بغیر کرائے گئے انتخابات میں ایکبارپھر وہی لٹیرے برسراقتدار آجائیں گے جو عرصہ سے ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں نتیجتاً نہ صرف ملک مزید تباہی و بربادی سے دوچار ہوگابلکہ انتخابات کے تحت قائم ہونے والی جمہوریت کی عمر بھی انتہائی محدود ثابت ہوگی۔

اسلئے انتخابات سے قبل کم ازکم تین سال کیلئے ایسی نگراں حکومت کا قیام ناگزیر ہے جو احتساب کے ذریعے نظام کی اصلاح کرکے انتخابات کیلئے ایسا سازگار ماحول قائم کرے جس میں عوام آزادی اور اپنی مرضی و منشاء سے قیادت کا انتخاب کرکے ایسی پائیدار و مستحکم جمہوریت کی بنیاد رکھیں جس میں حقیقی معنوں میں آئین وقوانین کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے استحکام پاکستان اور فلاح عوام اولین ترجیح قرار پائے۔