مسلم کانفرنس خطہ کشمیر کی نظریاتی اور دونوں اطراف کی نمائندہ جماعت ہے جس نے کشمیری عوام کو ایک نظریہ دیا ہے۔ چوہدری جمیل

سلائو : آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر چوہدری جمیل احمد تبسم نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس خطہ کشمیر کی نظریاتی اوردونوں اطراف کی نمائندہ جماعت ہے جس نے کشمیری عوام کو ایک نظریہ دیا ہے۔ جس کے تحت کشمیری ریاست جموںوکشمیر کی مکمل آزادی حاصل کرکے پاکستان کے ساتھ الحاق کے خیرخواہ ہیں۔ مسلم کانفرنس کی جنرل کونسل میں پاس ہونے والی قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اہل جموں وکشمیر نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنی تقدیر کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ جو دو قومی نظریہ کے مطابق ہے جس کی بنیاد حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت اور رہنمائی میں رکھی گئی تھی۔

ان خیالات کا اظہار نے مسلم کانفرنس واٹفورڈکے عہدیداران کے وفدسے محمد ریاست بھٹی کی قیادت میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ چوہدری جمیل احمد تبسم نے کہاکہ اس وقت تحریک آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں اور مسلم کانفرنس کو کمزورکرنے کا مقصد بھی اس سلسلے کی کڑی ہے جو قائداعظم محمدعلی جناح کی کشمیر پالیسی اور ہمارے نظریاتی اور ریاستی تشخص کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ بحران اور آزمائش سے کارکنان کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ثابت قدمی کے ساتھ اس کا سامنا کرتے ہوئے اپنی قیادت کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا رہنا چاہیے۔ تاکہ ہم نظریہ الحاق پاکستان کے مقاصد کی طرف کامیابی سے بڑھ سکیں اور مسئلہ کشمیر جو عالمی حالات سے دوچار ہے وہ اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مسلم کانفرنس کارکنان بیرون ممالک میں رائے عامہ کو کشمیر کے حق میں منظم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے محمدریاست بھٹی اور ان کے دیگر ساتھیوں کو مسلم کانفرنس میں شامل ہونے پر خیر مقدم کیااور انہیں جماعتی پالیسی کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

ریاست بھٹی نے مجاہد اول سردار عبدالقیوم کی رہنمائی اور صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں کشمیر کی مکمل آزادی اور الحاق پاکستان کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔