نواز شریف نے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کیلئے مہلت مانگ لی

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان، شہباز شریف، قائم علی شاہ، خورشید شاہ سمیت سینیٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 7 سو سے زائد ارکان نے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کر دیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بیرون ملک ہونے کے باعث اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے دو روز کی مہلت مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے ارکان کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے آج تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 11 سو 67 میں سے 7 سو سے زائد ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔

وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بیرون ملک دورے کے باعث مقررہ وقت میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرا سکیں گے اور وہ وطن واپسی کے بعد دو روز کے اندر یہ تفصیلات فراہم کر دیں گے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ارکان کو اثاثوں کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے قانون کے مطابق 30 ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے جو ارکان یہ تفصیلات فراہم نہیں کریں گے ان کی رکنیت معطل کی جائے گی جس کا نوٹی فی کیشن 15 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا اور اس وقت تک بھی جو ارکان اثاثوں کی تفصیلات فراہم کر دیں گے ان کی رکنیت بحال رہے گی۔