نازش جہانگیر نے محسن عباس سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

Mohsen Abbas - Naazish Jehangir

Mohsen Abbas – Naazish Jehangir

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) معروف اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی مبینہ گرل فرینڈ نازش جہانگیر نے اداکار سے شادی سے متعلق چلنے والی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

محسن عباس پر اُن کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا معاملہ ابھی تھما ہی تھا کہ محسن عباس حیدر کی جانب سے انسٹاگرام فین پیج پر اپنی اور نازش جہانگیر کی تصویر شیئر کی گئی جس کے ساتھ لکھا تھا ’’بہترین جوڑی بہت جلد‘‘۔ جس پر نازش نے بھی فوری ردِ عمل میں کہا کہ ’بہت جلد انشاہ اللہ‘۔

اداکار کی پوسٹ کے بعد سے سوشل میڈیا پر محسن اور نازش کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگیں اور کہا جا رہا تھا کہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم نازش جہانگیر نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔

نازش جہانگیر نے شادی نے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کسی بھی بلاگر کو خریدنا اور منفی خبروں کو وائرل کرنا بہت ہی آسان ہو گیا ہے لیکن کوئی بھی ایسی خبر شائع نہیں کرتا جو حقیقت پر مبنی ہو۔ بلاگر پیسوں کے لئے کچھ بھی کر دیتے ہیں جوکہ بہت ہی افسردہ کر دینے والی بات ہے۔ جب کہ حقیقت میں یہ باہمی احترام اور کسی کی ذاتی زندگی کا معاملہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر تشدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ساتھی اداکارہ نازش جہانگیر سے افیئر بھی چل رہا ہے۔