نیب ریفرنسز، آصف زرداری کو دوبارہ نوٹس جاری

Asif Zardari

Asif Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کی۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری بیرون ملک ہیں اور انہیں سیکورٹی خدشات بھی لاحق ہیں لہذا انہیں آج کی پیشی سے استثنی دیا جائے۔ انہوں نے عدالت کو یقین دلایا کہ آئندہ سماعت پر آصف علی زرداری پیش ہو جائیں گے۔

احتساب عدالت نے زرداری کے بیرون ملک ہونے کے باعث آج کی پیشی سے استثنی دے دیا اور نیب کو ہدایت کی کہ ملزم کے وکیل کو ریفرنسز کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔

عدالت نے آصف زرداری کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ریفرنسز کی سماعت نو دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔