نام نہاد خود ساختہ ٹریبیونل کے ذریعے بے گناہ لوگوں کو جعلی مقدمات ملوث کر کے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ محمد زبیر صفدر کی زیر صدارت لاہور میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میںاراکین مرکزی مجلس شوریٰ اور ملک بھر کی جامعات اور بڑے شہروں کے ذمہ داران شریک ہیں۔ اجلاس میں بنگلہ دیش میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی بھارت نواز حکومت کی سرپرستی میں نہتے شہریوں پر تشدد،بے گناہ شہریوں کی گرفتاریاں اور قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 1971ء کے دوران پاکستان کو متحد رکھنے کے جرم میں انتقامی کاروائی کے لیے نام نہادخودساختہ ٹریبونل کے ذریعے بے گناہ لوگوں کو جعلی مقدمات میں ملوث کر کے سزائیں دی جا رہی ہیںاور پر امن احتجاج کرنے والے شہریوں کو شدید تشددکا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اجلاس میں ایک متفقہ قراردادکے ذریعے بنگلہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو دی گئی سزائوں کو واپس لے اور نہتے شہریوں پر ظلم وستم بند کرے،اجلاس میں بنگلہ دیش کی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ گرفتار شدہ لاکھوں شہریوں کو فوری رہا کرے۔اجلاس نے اقوام متحدہ ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور بنگلہ دیش کی حکومت کو پابند بنایا جائے اور دبائو ڈالا جائے کہ وہ اس سلسلہ کو بند کرے۔

اس حوالے سے اجلاس سے ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر صفدرنے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی بھارت نواز حکومت نے نہتے شہریوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ نام نہاد ٹریبونل کے ذریعے بے گناہ شہریوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں کو فی الفور اس کا نوٹس لے کر بنگلہ دیش کی حکومت پر دبائو بڑھانا چاہییتا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل عام بند ہو سکے۔