نندی پور پروجیکٹ کیس، سپریم کورٹ نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ طلب کر لی

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پروجیکٹ کیس میں اٹارنی جنرل سے تحقیقاتی کمیٹی کی پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نندی پور پاور پروجیکٹ کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سابق وزیر قانون بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

بابر اعوان نے کہا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ کے حوالے سے رحمت حسین جعفری کی رپورٹ درست ہے۔خواجہ آصف وزیر ہیں تو انہیں بھی استعفی دینا پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے میں پندرہ ارب روپے کی کرپشن ہے اور اس میں تین وزرا کے نام آ رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے منصوبے میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرنا ہے۔ وزیراعظم نے نندی پور پروجیکٹ کے حوالے سے کمیٹی بنا دی ہے۔ اٹارنی جنرل تحقیقاتی کمیٹی کی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کریں۔ کیس کی سماعت اب تین ہفتے بعد ہوگی۔