نندی پور پاور پراجیکٹ پر رات دن کام ہو رہا ہے، وزیراعلی پنجاب

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر رات دن کام ہو رہا ہے، اپریل یا مئی میں ایک ٹرمینل سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

لاہور میں والٹن روڈ پر لینڈ ریکارڈ پروجیکٹ سینٹرکا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سب سے بڑا چیلنج ہے، توانائی کے بحران پر قابو پانے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی، نندی پور پاور پروجیکٹ پر رات دن کام ہو رہا ہے، آئندہ سال اپریل یا مئی میں ایک ٹرمینل سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ بہتر نظام لانے کیلئے پہلے لیڈر شپ کو مثال قائم کرنا ہو گی، کرپشن کا خاتمہ ان کی پہلی ترجیح ہے، پٹواری کلچر کے خاتمے کیلئے کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سسٹم متعارف کرایا ہے، جس سے عام آدمی کو پٹواری کی کرپشن سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ پٹواری نہیں بلکہ پٹواری مافیا کے خلاف ہیں، اس مائنڈ سیٹ کی تبدیلی کیلئے پٹواری کا نام بدل کر سروس سینٹر آفیسرز اور تحصیلدار کا نام اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ رکھ دیا، پنجاب میں کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ 2014 کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ 6 سال کے دوران پٹواریوں کی بھرتی کیلئے بہت سی سمریاں آئیں، لیکن انہوں نے ایک پٹواری بھرتی نہیں کیا۔