قوم کی حمایت سے ملک کو لاحق ہر خطرے کو شکست دیں گے: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ عوامی توقعات کے مطابق قوم کی حمایت سے پاکستان کو درپیش ہر خطرے کو شکست دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوٹری رینجز کا دورہ کیا جہاں فیلڈ فائرنگ اور کراچی کور کی جنگی مشق دیکھی۔

فیلڈ فائرنگ مشق میں ایئرفورس اور میکائنائزڈ ڈویژن کے آرمرڈ فائٹنگ وہیکلز نے بھی حصہ لیا۔ آرمی چیف نے فوجیوں کی تربیت کے معیار اور مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زمانہ امن میں تربیت اور تیاری کا اعلیٰ معیار ہی امن کا ضامن ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ جدید فنی مہارت کا استعمال، دشمن کے تخریبی حربے روکنے جب کہ حربی طریقہ کار میں مہارت روایتی یا غیر روایتی ہر طرح کے فوجی آپریشنز میں کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ ہر طرح کے خطرے کا فوری اور موثر جواب دینے کے لیے تربیت اور جنگی تیاری پر بھرپور توجہ جاری رکھی جائے۔ آرمی چیف نے فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی حمایت سے اور عوام کی توقعات کے مطابق مادروطن کو درپیش ہر خطرے کو شکست دینے کا مشن مکمل کیا جائے گا۔