قومی اسمبلی، اپوزیشن نے مختلف شہروں میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کا ریکارڈ مانگ لیا

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ملک کے مختلف شہروں میں آرٹیکل دو سو پینتالیس کے نفاذ کا ریکارڈ مانگ لیا، خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت جو کہہ رہی ہے ثابت بھی کرے۔

شاہ محمود قریشی کہتے ہیں حکومت جو مرضی کر لے چودہ اگست کو لانگ مارچ ضرور ہوگا۔ سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چودھری نثار علی خان سات سال میں چوبیس بار آرٹیکل دو سو پینتالیس کے نفاذ کی بات کر چکے ہیں لیکن ابھی تک اپوزیشن کو اس کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے معاملات خراب کر رہی ہے۔

پٹرول کی فراہمی بند کی جا رہی ہے، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے، عمران خان کے اعلان کے بعد حکمرانوں پر موٹر سائیکل کا بھوت سوار ہے، پنجاب کے تھانے موٹر سائیکلوں سے بھر گئے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ مل گیا ہے تاہم مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پوری قوم آزادی مارچ کی منتظر ہے۔

ملک کو کوئی بیرونی خطرہ نہیں، اندرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے فوج اور حکومت کے ساتھ ہیں، آزادی مارچ کے خلاف سلامتی کانفرنس بلانا غیر سیاسی ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری کو حکومت سے نجات کے نقطے پر متحد ہونا ہو گا۔