قومی سلامتی اولین ترجیح، سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اعلی سطح اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام اور خارجہ امور کیلئے وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ مسائل کے پائیدار حل کے لئے تمام متعلقہ فریقوں کو قومی اہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا چاہئیے۔ دوسری جانب کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کل شہر قائد پہنچیں گے۔ مجوزہ ٹارگٹڈ آپریشن کے خدوخال ان کے سامنے رکھ دیئے گئے۔

نواز شریف کا کہناہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے سندھ حکومت اپنی ضروریات سے آگاہ کرے۔ کراچی کی صورتحال کے بارے میں اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو مجوزہ ٹارگٹڈ آپریشن کے خدوخال سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے چودھری نثار کو کراچی میں قیام امن کیلئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے سندھ حکومت اپنی ضروریات سے آگاہ کرے۔ کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 4 ستمبر کو ہوگا۔ اجلاس میں گورنر وزیر اعلی، آئی بی، آئی ایس آئی، رینجرز کے ڈائریکٹر اور اعلی پولیس حکام شریک ہوں گے۔