اسلام آباد واقعہ سیکورٹی کی ناکامی قرار، انکوائری رپورٹ جاری

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزارت داخلہ نے اسلام آباد فائرنگ واقعے کی انکوائری رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں سیکورٹی میں ناکامی کے ذمہ دار پولیس افسروں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے اسلام آباد واقعے کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں ملزم سکندر کے بلیو ایریا تک پہنچنے کو سیکورٹی کی ناکامی قرار دے دیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی نے سیکورٹی میں ناکامی کے ذمہ پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

رپورٹ میں معطل ڈی پی او ادریس راٹھور اور بغیر ڈیوٹی موقع پر پہنچنے والے ڈی ایس پی عارف شاہ کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس کو جدید سامان مہیا کرنے اور تربیت دی جائے۔ اسلام آباد واقعے میں ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے وزیر داخلہ چودھری نثار کی ہدایت پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

انکوائری کمیٹی نے آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سٹی کیپٹن الیاس، ایس پی انویسٹی گیشن مستنصر فیروز ،ایس ایچ او آب پارہ قاسم نیازی، معطل ڈی ایس پی ادریس راٹھور اور ڈی ایس پی سی آئی اے عارف شاہ کے بیانات قلمبند کئے۔ اسلام آباد واقعے میں ملزم سکندر نے اسلحے کے زور پر ساڑھے پانچ گھنٹے تک بلیو ایریا میں خوف وہراس پھیلائے رکھا تھا۔