متحدہ اور الطاف حسین کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے : خالد مقبول

Khalid Maqbool

Khalid Maqbool

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونئیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ دنیا کا کوئی بھی جھوٹا پروپیگنڈا کارکنوں کو الطاف حسین سے دور نہیں کر سکتا۔ کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونئیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دس جولائی 2013 کو برطانوی نشریاتی ادارے نے ایم کیو ایم سے متعلق ایک پروگرام نشر کیا جس میں الطاف حسین کی بعض تقاریر کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا جس کی ایم کیو ایم شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ برطانوی نشریاتی ادارے کے ڈائریکٹرز سے اپیل کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے منتخب اراکین کا موقف سامنے لائیں۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پرامن جمہوری جماعت ہے جو آزادی اظہار کے حق پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنان اور عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آواز جمہوری انداز میں مختلف فورم پر اٹھائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی بحث کے دوران سخت لہجہ استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان اور رہنما الطاف حسین پر کل بھی مکمل اعتماد رکھتے تھے۔

اور آج بھی الطاف حسین پر ان کا اعتماد برقرار ہیں۔ اس قسم کے پروگراموں کے بعد کارکنوں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے کیونکہ کوئی بھی منفی پروپیگنڈا کارکنوں کو الطاف حسین سے دورر نہیں کر سکتا۔