متحدہ ملکی سلامتی کی جنگ سے دست بردار نہیں ہوگی، فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی بقا و سلامتی کی جنگ لڑرہی ہے۔

اس جنگ میں آج ہماری رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو شہید کیا گیا ہے لیکن کل اگر ہمارے ایک ایک سینیٹر و اراکین پارلیمنٹ کو بھی قتل کر دیا جائے تو بھی ہم اس جنگ سے دست بردار نہیں ہونگے۔

ہفتے کی شب لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی حق پرست رکن قومی اسمبلی شہید طاہرہ آصف کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب کے شرکا نے طاہرہ آصف شہید کی یادمیں ہزاروں شمعیں روشن کیں اوران کی تصویر کے سامنے پھول رکھ کر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ ہم کسی بھی حال میں جبر وظلم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

آج طاہرہ آصف کو شہید کیا گیا ہے اور کل ہمارے ایک ایک سینیٹر، اراکین اسمبلی اور کارکنان کو قتل کر دیا جائے تو بھی ہم پاکستان کو دہشت گردوں ک ا پاکستان نہیں بننے دیں گے۔

رکن رابطہ کمیٹی حیدرعباس رضوی نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کے مقدر کا فیصلہ ہو چکا ہے تاہم اس سلسلے کی پہلی قربانی ہمارے حصے میں لکھی تھی۔

تقریب سے سینئر صحافی محمود شام، آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ، معروف صنعتکار سراج قاسم تیلی، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی، معروف تجزیہ کارو کالم نگارآغا مسعود حسین، پی ایف یوجے کے جنرل سیکریٹری امین یوسف، صدر کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز فاروقی، کے یوجے کے سیکریٹری جنرل واجد رضااصفہانی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔