قدرتی وسائل سے استفادہ کرکے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور(جیوڈیسک)پنجاب حکومت اور پنجاب یونیورسٹی کے درمیان منرل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ وزیر اعلی پنجاب کہتے ہیں کہ مائننگ انڈسٹری کو جدید انداز میں فروغ دینا ہوگا۔

پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری مائنز اینڈ منرل اور پنجاب یو نیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر نے یادداشت پر دستخط کیے۔ وزیر اعلی شہبازشریف، صوبائی وزیر معدنیات اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود تھے۔ یادداشت کے مطابق پنجاب حکومت اور پنجاب یونیورسٹی منرل ڈویلپمنٹ کے سلسلے میں مل کر کام کریں گے۔

بین الاقوامی معیار کی ورک فورس کی تیاری کے ضمن میں اشتراک عمل بڑھایا جائے گا۔ جیالوجیکل سائنسز، کول ٹیکنالوجی، معدنیات کی تلاش اور منصوبوں کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔

قدرتی وسائل سے صحیح معنوں میں استفادہ کرکے توانائی کے بحران میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ پنجاب کے سالٹ رینج میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔