مخدوم جاوید ہاشمی تھرڈ نیوٹرل امپائر

Bright Morning

Bright Morning

آج بے یقینی کی گھپ گھیر تاریک گلیوں میں کسی روشن سویرے کا منتظر ہے سیاسی حِدت بڑہتی جا رہی ہے مسلسل الزامات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ تسلسل سے جاری ہےـ تمام کوششیں لا حاصل دکھائی دے رہی ہیںـ حکومت سے باہر رہ کر طاقت کا مظاہرہ بہت آسان ہے ـ مگر پاکستان جیسے ملک میں رہ کر سیاسی جوڑ توڑ کے ساتھ ایک خستہ حال ملک کو بچانا اور پھر خود بھی سیاسی طور پے زندہ رہنا انتہائی مشکل امر ہےـ

عمران خان سچائی کا نئی سیاست کا نئے دور کا عظیم نام یہ وہ سیاستدان ہے جس نے سادہ زبان میں اپنا مافی الضمیر بیان کر کے عوام کے دلوں میں گھر کر لیا ہے ـ عمران خان کے پاس کوئی اسکرپٹ رائٹرنہیں ہے جو عرفان صدیقی کی طرح تقریرکو مؤثر انداز میں لکھے اور عوام کے دلوں کو گرمائے ـ ایک عام انسان قدرے اچھا کھاتا پیتا جو بیان کرتا ہے اپنے تجربے ـ عام پاکستانی کی طرح سفر کرتے ہوئے عام لوگوں کے دکھوں کو دیکھ کر اس نے بہت قریب سے ان کے دکھوں کو محسوس کیا ہے ـ اسے پتہ چلا کہ اس ملک میں عام پاکستانی کیلیۓ دکھوں کا محرومیوں کا ان دیکھا ایسا باریک جال بنا گیا ہے جس کا شکار صرف غریب طبقہ ہے ـ تعلیم سے محروم عزتِ نفس سے محروم بنیادی سہولتوں سے محروم انسان کو سن کر دیکھ کر اس کے اندر ایک تحریک ابھری جس نے باقاعدہ سیاسی جماعت کی شکل اختیار کی ـ

اس جماعت نے پاکستان میں تاریخی سیاست کی کہ محض 18 سال میں نہ صرف نئی سوچ کو پھیلایا بلکہ اس قدر بھرپور انداز میں پیغام کو پاکستان کے طول وارض میں پھیلایا کہ آج پاکستان کی بڑی بڑی سیاسی جماعتیں اس کے سامنے بے دست و پا دکھائی دیتی ہیں ـ پاکستان پاکستان کی پرانی سیاسی جماعتیں ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے قدرے اجتناب برتیں گی کیونکہ وہ جان گئی ہیں کہ یہ وہ گونگا بہرا پاکستان نہیں ہے ـ پڑھا لکھا طبقہ اپنی ساری مصروفیات کو ختم کر کے نیاپاکستان بنانے کیلیۓ پُرعزم ہوچکا ہے ـ تحریک انصاف کا مکمل ہوم ورک ہر روز کی نئی کامیابی کے ساتھ دکھائی دے رہا ہےـ

جب بات سچائی سے شروع ہو کے سچائی پے ختم ہو تو ایسی تحریک کو ایسی لیڈر شپ کو زوال نہیں ـ یہی وجہ ہے باوجود مضبوط سیاسی طاقتوں کے یکجا ہونے کے وہ انتہائی نحیف و نزار دکھائی دے رہی ہیں اور سامنے کھڑا پاکستان تحریک انصاف کی 18 سالہ تاریخی سیاسی جدوجہد کا وارث ـ پوری شان کے ساتھ کنٹینیر پے کھڑا نئی تاریخ کو لکھوا چکاہے ـ عمران خان نے ثابت کر دیا کہ ارادے سچے اور کھرے ہوں تو اس ملک میں بھی سیاسی تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہےـ

آزادی مارچ کا طول پکڑتا دھرنا ملک کیلیۓ کسی طور درست نہیں ہے ـ حکومتِ وقت کی جان پے بنی ہوئی ہے مقبول ترین سیاسی قائد کو اگر کسی شر پسند کی شر پسندی کچھ نقصان پہنچا گئی تو اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہوگاـ لیکن یہ بات اپنی جگہہ بہرحال موجود ہے کہ تخریب کاری کا خدشہ ہر وقت ہر لمحہ درپیش ہے ـ ملک کے حالات گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں ـ اس مسئلے کا کسی کے پاس خاطر خواہ حل نہیں ہے ـ یوں دکھائی دیتا ہے دو ہم عمر نوجوان باہم دست و گریبان ہیں ـ ایک کی غلطی بے شک ہے سامنے عیاں ہے دوسرا اس کی نشاندہی کر رہا ہےـ

مگر کبھی کبھار ماحول کی سلامتی اور سب کی بہتری کیلیۓ خامیوں کو کچھ عرصہ کیلیۓ پس پشت ڈالنا بہترین حکمتِ عملی ثابت ہوتی ہے ـ اس وقت اسی حکمتِ عملی کی بہت ضرورت ہے ـ پاکستان اس وقت انتہائی نازک اور سنگین سیاسی حبس کا شکار ہے ـ ایسے میں جب تمام ایسے افراد ادارےجب افہام و تفہیم کی کوششیں کر کے تھک گئے تو اب کون ایسا آئے کہ مسئلے کا پائیدار سنجیدہ حل نکالے؟ ایسا شخص جو عمران خان کو نرمی کی جانب مائل کرے کون ہو؟ وہ ہےـ

Makhdoom Javed Hashmi

Makhdoom Javed Hashmi

ایسا انسان جس کی معذوری جس کی زبان کی بندش اس کو سیاست کرنے سے نہیں روک سکی جو ہمیشہ سے باغی طبیعت کا مالک رہا ـ جس نے ہمیشہ جمہوریت کیلیئے لازوال قربانیاں دیں ـ بڑا دماغ بڑی سوچ بڑا دل رکھنے والا وہ زیرک وہ بلند حوصلہ انسان جس کے آہنی ارادوں نے ہر بیماری کو قید و بند کی صعوبتوں کو شکستِ فاش دی ـ تاریخی شخصیت محترم مخدوم جاوید ہاشمی صاحب آپ اس وقت محب وطن پاکستانی بنیں اور غیر جانبداری سے “”نیوٹرل تھرڈ امپائر”” کا کردار ادا کریں ـ پاکستان کی سیاست میں اگر یہ رواج آج عام ہوا کہ وزیر اعظم کو سیاسی بے عزتی کے ساتھ جبرا معطل کروایا جائے تو یقین کیجیۓ اس ملک کا کیا مستقبل ہے یہ کہنا بہت مشکل ہےـ
پڑھا لکھا مہذب طبقہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہر شہر ہر جگہہ دکھائی دیتا ہےـ

لیکن اس ملک کی اصل سیاست جو صرف عقیدت اور خاندان کی بنیاد پے دہائیوں سے چل رہی ہے وہ دماغ اتنی جلدی اس نئے پاکستان کی سوچ کو وزیر اعظم کی معطلی کی صورت برداشت نہیں کریں گے ـ میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھتی ہوں اپنے شہر کا مزاج جانتی ہوں اعلیٰ تعلیم یاتہ بھی سیاسی معاملے میں یوں رویہ ظاہر کرتے ہیں جس کو ہم اکھڑ اور نا پسندیدہ قرار دے سکتے ہیں ـ یہی رویہ اس بڑے سیاسی سپورٹر کا ہے جو نواز کا ہر شہر ہر گاؤں میں موجود ہےـ

ابھی نواز شریف کا سپورٹر خاموش لب سیے دم سادھے بیٹھا ہے ذرا بریکنگ نیوز چلنے کی دیر ہے آپکے اس مطالبے پر عمل درآمد ہونے کی دیر ہےپاکستان کو جلتا ہوا میں دیکھ رہی ہوں محترم جاوید ہاشمی صاحب آپ کاعمران خان بہت احترام کرتے ہیں ـ آپکو ایک سیاسی قد آور شخصیت سمجھتے ہوئے آپ سے ملک کے وسیع تر مفاد میں دست بدست درخواست ہے اس ملک کو مزید برباد ہونے سے بچا لیںـ

آج تک ابھی تک جتنا سیاسی اعصابی دباؤ آپ نے حریف کو دیا وہ یادگار بھی ہے اور تاریخی بھیٌ اب ازراہِ کرم پاکستان کو تاریکی میں جانے سے بچائیںاس وقت ایک عظیم رہنما بزرگ رہنما اعلیٰ جمہوری سوچ کے حامل سیاسی قائد محترم مخدوم جاوید ہاشمی صاحب سے پوری قوم کی جانب سے مخاطب ہوںـ

جو صرف پی ٹی آئی کے رہنما نہیں ہیں بلکہ پاکستان کی جمہوری روایات کے عظیم پاسبان بھی ہیں جناب جاوید ہاشمی صاحب قوم کا یہ قرض ہے آپ پر کہ بپھری ہوئی سونامی کپتان کے بس سے باہر ہےـ اس سونامی کو پاکستان کی سلامتی کیلیۓ قدرے موم کریں اور اس الجھے ہوئے باریک ریشمی سیاست سے گندھے ہوئے جال کو توڑڈالئےـ

قدرت 2014 کو نئے کامیاب انسانوں کیلیۓ تاریخی سال دکھا رہی ہےـ آپ کی سیاسی بلندی کو چار چاند لگ جائیں گےـ اگر آپ اس وقت ملک کو اس کشمکش میں سے باہر نکال کر خود کو عظیم پاکستانی سیاسی رہنما ثابت کرکے اس دلدل سے گھٹنوں گھٹنوں دھنسی ہوئی پاکستانی سیاست کو ڈوبنے سے بچالیںاور دلدل سے کھینچ کر باہرنکال لیںـ ہم سب آپ کے متظر ہیں مخدوم جاوید ہاشمی صاحب قوم کو آپ پے بہت مان ہے اس وقت تھرڈ نیوٹرل امپائر صرف مخدوم جاوید ہاشمی ـ

Shahbano Mir

Shahbano Mir

تحریر: شاہ بانو میر