نواز حکومت کے دوران کرپشن کم، پاکستان کی رینکنگ 10 درجے بہتر

Transparency International

Transparency International

اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق نواز شریف حکومت کے دوران کرپشن کم ہوگئی ہے اور پاکستان کی رینکنگ 10 درجے بہتر ہوگئی۔ سندھ میں موجودہ حکومت پچھلے دور کے مقابلے میں بہتر رہی، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن نمایاں حد تک کم ہوئی ہے۔

گلوبل کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کے درجے میں بہتری نظر آئی ہے۔ اس سلسلے میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل آج دنیا بھر میں اپنی رپورٹ جاری کر رہا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی سی پی آئی رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ 2011 میں 42 تھی جو 2012 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مزید خراب ہو کر 33 تک جا پہنچی۔

اب یہ رینکنگ 2013 میں 10 درجے بہتر ہوگئی ہے۔ رواں سال کے اوائل میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنے گلوبل کرپشن بیرومیٹر برائے 2013 میں کہا تھا کہ پاکستان کے مذہبی ادارے، ملٹری اور میڈیا بالترتیب ملک کے 12 اداروں کی فہرست میں کم کرپٹ ہیں۔

اسی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ کرپٹ لوگوں کا تعلق حکومت اور سیاست سے ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے عہدے دار نے فرانس کی خبر ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ ڈنمارک اور نیوزی لینڈ سب سے کم کرپٹ ممالک ہیں جب کہ کرپٹ ترین ملکوں میں افغانستان، شمالی کوریا، صومالیہ، شام اور لیبیا شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں رشوت کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔