پہلے نواز شریف کا استعفیٰ باقی باتیں بعد میں، آرمی چیف کو بتا دیا : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اگر تو دوپہر تک ہمارا نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ مان لیا گیا تو ہم شام کو یہاں جشن منائیں گے، اور اگر نہ مانا گیا تو پھر میں کل شام کو آئندہ کا لائحہ عمل بتاوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل راحیل سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل دوبارہ میٹنگ ہو گی ، اور اگر ہماری بات نہ مانی گئی تو دھرنا جاری رہے گا اور ہم اپنی تحریک کو دیگر شہروں میں بھی لے کر جائیں گے۔

اس سے قبل عمران خان نے کہا کہ حکومت کے کہنے پر جنرل راحیل سے ملاقات ہوئی جس میں کہا گیا کہ ایک جوڈیشل کمیشن بنے گا جو دھاندلی کی تحقیقات کرے گا اور فوج اس کی ضمانت دے گی۔

عمران نے بتایا کہ میں نے جنرل راحیل کو اپنا اور پارٹی کا موقف واضح کر دیا ہے کہ پہلے نواز شریف کو استعفیٰ دینا ہو گا کیونکہ جب تک وہ پرائم منسٹر رہے گا آزادانہ اور منصفانہ تحقیق نہیں ہو سکتی۔ عمران نے کہا کہ نواز شریف نے ابھی سے ہی ایسی کوششیں شروع کر دی ہیں اور 250 کروڑ نکلوائے گئے ہیں۔

میں پاکستانی قوم کا، اپنے نوجوانوں اور بہنوں کا شکر گزار ہوں کہ آپ کے دباو کی وجہ سے ہم یہاں تک آ پہنچے ہیں، ورنہ یہ تو بات ہی نہیں کر رہے تھے۔ ہماری سب باتیں مان لی گئی ہیں اور اب صرف ایک مطالبہ باقی ہے جو نواز شریف کا استعفیٰ ہے۔