نواز شریف قدم بڑھائیں، ان کا ساتھ دیں گے، صدر زرداری

President Zardari

President Zardari

لاہور (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری کے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہو گئی، کہتے ہیں جمہوریت پر کوئی آنچ آئی تو حکومت کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا ایسی سیاست کریں گے کہ ہر جگہ دوبارہ بھٹو کے نعرے لگیں گے۔

رات بارہ بجے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہوئی تو آصف علی زرداری بلاول ہاوس سے باہر آ گئے جہاں بڑی تعداد میں کارکن ان کے منتظر تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کا روشن لمحہ ہے جمہوریت کا ایک نیا باب رقم ہوا ہے۔ ہر طرح کے حالات میں حکومت کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

اس سے پہلے آصف علی زرداری اسلام آباد سے بلاول ہاؤس لاہور پہنچے تو پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے جمہوری صدر کے طور پر مدت اقتدار پوری کرنے کی طرح وہ سیاست میں بھی نئی روایتیں قائم کریں گے۔ ایسی سیاست کریں گے کہ ہرجگہ دوبارہ بھٹو کے نعرے لگیں گے۔

آصف زرداری کا کہناتھا کہ تیلی لگانا آسان مگر آگ بجھانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے تحفظات کے باوجود جمہوریت کی مضبوطی کے لئے موجود پارلیمنٹ کو تسلیم کیا۔