نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری

Tributes To Nelson Mandela

Tributes To Nelson Mandela

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) عظیم جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا کو دنیا سے گزرے آج تین روز ہو گئے۔ لیکن انکی یاد میں تقاریب اور خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

جوہانسبرگ میں مادیبا کے گھر کے باہر ہفتے کے روز بھی ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ آنے والے اپنے ساتھ گل دستے بھی لائے۔ گانوں اور رقص کے ذریعے نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

روم میں کرسمس ٹری کو امن کے پیغامات سے روشن کیا گیا۔ رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجے اس درخت پر محبت، برداشت اور اتحاد جیسے الفاظ منڈیلا کی جدوجہد کی یادیں تازہ کرتے رہے ۔

کیپ ٹاون کی مقامی بیکری نے تو نیلسن منڈیلا کی یاد میں کپ کیکس متعارف کرائے۔ چھوٹے چھوٹے چاکلیٹ کیکس کو ریسٹ ان پیس اور ٹاٹا مادیبا کے رنگ برنگے پیغامات سے سجایا گیا۔

کھیلوں کے شوقین نیلسن منڈیلا کی یاد رگبی ٹورنامنٹ میں بھی چھائی رہی۔ پورٹ ایلزبتھ کے نیلسن منڈیلا بے اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا اور کینیڈا کے میچ سے پہلے جنوبی افریقا کا ترانہ پڑھا گیا اور کھلاڑیوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

اسی طرح کیپ ٹاون میں بھی باسکٹ بال کلب کے میچ میں کھلاڑیوں نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔