نئی حد بندی ، الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد

Karachi Supreme Court

Karachi Supreme Court

کراچی (جیوڈیسک)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے الیکشن کمیشن کی نئی حد بندی روکنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے لیئے مردم شماری کی ضرورت ہے حد بندیوں کے لیئے نہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل منیب پراچہ نے عدالت کو بتایا کہ وقت کم ہے اگر ایسا کیا گیا تو الیکشن التوا میں جا سکتا ہے۔ جسٹس خلجی عارف نے ریمارکس دیئے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔

جسٹس خلجی عارف نے ریمارکس میں کہا کہ کوئی خواب میں بھی نہ سوچے کہ الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں نہ کوئی ایسا جملہ بھی بولے۔ جسٹس انور ظہیر نے ریمارکس دیئے الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کی مرضی نہیں ہے نئی حد بندی کرنے میں اسلام میں منافقت نہیں یا تو کالا ہے یا سفید۔ عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکام کو نظر انداز کیا۔ آج کی سماعت میں آئی جی سندھ کے خلاف شو کاز نوٹس بھی واپس لے لیا گیا ہے۔