آئندہ انتخابات پاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے، امریکی انٹیلی جنس

U.S. Intelligence

U.S. Intelligence

واشنگٹن(جیوڈیسک) امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کانگریس کو بتایا ہے کہ آئندہ انتخابات پاکستان کے لئے سنگِ میل ثابت ہوں گے اورانتخابات مئی 2013 میں ہونا ضروری ہیں۔ یو ایس نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جیمس آر کلیپر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی توجہ افغنستان سے امریکی اور نیٹو افواج کی واپسی کے بعد کی صورتحال پر مرکوز ہے۔ رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ گزشتہ سال سے حکومت پاکستان نے کابل کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں کی ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقتصادی طور پر پاکستان کی صورتحال دھندلاہٹ کا شکار ہے، جہاں ٹیکس کی بنیاد ناکافی، ٹیکس وصولی کا کمزور نظام اور غیر ملکی امداد پر بھروسہ کیاجاتا ہے، پائیدار معاشی ترقی نہیں ہے۔ حکومت کی اقتصادی مسائل پرعدم توجہ معاشی ترقی کو روک رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ٹیکس اصلاحات پر اپنے اتحادیوں کو راضی کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ پاکستان اور بھارت نے دیرینہ بداعتمادی کے باوجود تعلقات میں بہتری کے لئے نپے تلے فیصلے کئے، معاشی تعلقات کی بہتری کے لئے دونوں ملکوں نے مذاکرات کئے، تاہم دہشت گرد حملوں کی وجہ سے تعلقات میں بہتری کی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔