شب قدرمیں پاکستان کی سلامتی اور امت کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں ‘ڈاکٹر رخسانہ جبین

لاہور : جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رخسانہ جبین نے کہا ہے کہ نزول قرآن کی شب قیام پاکستان اس بات کی دلیل ہے کہ وطن عزیز برصغیر کے مسلمانوں کیلئے پروردگار عالم کی طرف سے تحفہ ہے ضرور ت اس امر کی ہے کہ اللہ کی طرف سے عطا کی گئی ریاست میں اللہ اور اس کے رسولۖ کا دیا ہوا نظام نافذ کرنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دی جائے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہر فرد وطن عزیز کی سلامتی اور امت کے مظلوم مسلمانوں کی داد رسی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مملکت خداداد آج بے پناہ مسائل اور مشکلات میں گھرا ہوا ہے اس کی واحد وجہ قرآن و سنت سے دوری اور مغربی غلامی ہے ہم نے اسلامی اقدار و روایات کو چھوڑ کر مغربی اور ہندوانہ تہذیب اپنا لی ہے۔

انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ نیکیوں کے موسم بہار میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں اور رحمتیں سمیٹنے کے بجائے قوم کولہو و لعب میں لگا دیا گیا ہے الیکٹرانک میڈیا پر نشر کی جانے والی نام نہاد رمضان ٹرانسمیشن نے رمضان جیسے مبارک مہینے کو بھی کمرشلائز کردیا ہے ۔ ریٹنگ کی دوڑ میں چینلز نے شرم و حیا کو کچل کر رکھ دیا ہے۔

رخسانہ جبین نے پیمرا اور وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینلز پر اسلامی تعلیمات اور اقدار و روایات کے خلاف نشر کئے جانے والے پروگرامات کا نوٹس لیں اور چینلز کے خلاف ضابطے کی کارروائی کریں۔