نوسال سے مذمت کر رہے ہیں، نیٹو سپلائی غیر معینہ مدت تک بند رکھیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نو سال سے ڈرون حملوں کی مذمتیں کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوا، حکومت ڈرون حملوں کے خلاف کچھ نہیں کر رہی، خیبرپختونخوا میں نیٹو سپلائی روکنے کا اختیار ہمارے پاس ہے،افغانستان کیلیے نیٹو رسد غیر معینہ مدت تک بند رکھیں گے۔

عمران خان نے بنی گالا اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ سے پشاور روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہم نو سال سے مذمتیں ہی کر رہے ہیں، کچھ حاصل نہیں ہوا،وفاق میں ہوتے تو پہلے نیٹو سپلائی بند کرتے پھر سلامتی کونسل میں جاتے۔ عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نیٹوسپلائی بند کرنے کا اختیار ہمارے پاس ہے۔

نیٹو سپلائی اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ابھی تک دھرنے میں شامل نہیں ہے،انہیں قائل کرنے کی کوشش کرینگے۔

ہنگو میں ڈرون حملے کے باعث صوبائی حکومت کو بھی دھرنے میں بھی شامل ہونا چاہئے۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا وعدہ پورا کریگی، تحریک انصاف کے چیئرمین کے ہمراہ مخدوم جاوید ہاشمی، جہانگیر ترین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی پشاور کیلئے روانہ ہوئے۔