غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی پنجاب نے صوبہ میں غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ پیپلزپارٹی کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات آئین کی اصل روح کے منافی ہیں کیونکہ آئین کے تحت ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام رائج ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں قومی اورصوبائی اسمبلیوں کا وجود اور حکومت کی تشکیل جماعتی انتخابات کے ذریعے عمل میں آئی۔ اس لئے مقامی حکومتوں کے انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر کرانا آئین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

غیرجماعتی انتخابات سے معاشرے میں کرپشن پھیلے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی بعض بنیادی شقیں بھی آئین سے متصادم ہیں۔ لہذا عدالت غیرجماعتی انتخابات کے انعقاد کو کالعدم قرار دیا جائے۔ کیس کی پیروی سابق گورنر پنجاب لطیف خان کھوسہ کررہے ہیں۔