جسٹس مشیر عالم کی حکومت سندھ کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کی ہدایت

Advisory Justice Alam

Advisory Justice Alam

کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ کراچی بے امنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے شہر میں امن و امان کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ججوں کی سیکیورٹی اور امن وامان سے متعلق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈوکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلی شریک حکام ہوئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ جن مجرموں کی رحم کی اپیل مسترد کی جاچکی ہے عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے ان کی سزاوں پر عمل درآمدضروری ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے یقین دہائی کرائی گئی ہے کہ ججز کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گئی اور صوبائی حکومت ججز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرے گی۔

جسٹس مشیر عالم نیہدایت کی کہ شہر خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کیمروں کو فوری بحال کیا جائے اورصوبے بھر کے جوڈیشل کمپلیکس کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی بے امنی کیس کے فیصلے پر انتظامیہ عمل درآمد نہیں کرا سکی، اس پر عمل درآمد کیا جائے۔

جس سے شہر میں امن وامان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔سپریم کورٹ نے کراچی بے امنی کیس کے فیصلے میں شہر میں نوگوایریاز ختم کرنے، پولیس افسران کی سیاسی پشت پناہی روکنے، علاقوں میں جرائم کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او اور ایس ایس پی کو ذمہ دار قرار دینے کا حکم دیا تھا۔