نوری المالکی تیسری مدت کے لئے وزیر اعظم کی دوڑ سے علیحدہ ہو گئے

Nouri al-Maliki

Nouri al-Maliki

بغداد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نوری المالکی نے اپنی تیسری مدت کے لیے وزیراعظم بننے کا ارادہ ترک کر دیا۔ انہوں نے ٹیلی ویژن پر تقریر کرتے ہوئے اِس کا اعلان کیا۔

اِس اعلان میں نوری المالکی نے واضح کیا کہ سیاسی عمل کو کامیاب کرنے کے لیے وہ اپنے منصب کو چھوڑتے ہوئے ملک کے بہترین مفاد میں نامزد وزیراعظم ڈاکٹر حیدر العبادی کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعت دعویٰ پارٹی کی سربراہی کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے۔

امریکا اور اقوام متحدہ نے المالکی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی صدرباراک اوباما نے عراق میں نئے نامزد وزیراعظم حیدرالعبادی کی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اِسے مثبت قدم قرار دیا۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں نوری المالکی نے پارلیمنٹ کی عمارت میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ پریس کانفرنس میں مالکی نے کہا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے منصب کو ضرور خیر باد کہہ رہے ہیں لیکن وہ عراق کی سرزمین کے دفاع اور لوگوں کے حقوق کے لیے ان کے شانہ بشانہ جدو جہد جاری رکھیں گے۔