نالہ ڈیک کا سیلابی ریلا حفاظتی بند توڑتا ہوا جی ٹی روڈسے ملحقہ آبادیوں میں داخل ہو گیا

کالاشاہ کاکو : نالہ ڈیک کاسیلابی ریلا حفاظتی بند توڑتا ہوا جی ٹی روڈسے ملحقہ آبادیوں میں داخل ہو گیا۔ شدید طغیانی سے کالاشاہ کاکوکے چار معروف صنعتی یونٹوں سمیت مزید 80 سے زائددیہات پانی میں ڈوب گئے۔ بعض مقامات پرپانی کوراسہ دینے اوربندکرنے پر پولیس، سپار کو ملازمین اور سیلاب متاثرین کے مابین فائرنگ وتلخ کلامی کے واقعات کی اطلاعات۔

بے گھر ہو کر جی ٹی روڈ اور ریلوے لائن پر کھلے آسمان تلے بیٹھے متاثرین کے پاس خوراک کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ سیلاب کے ریلے سے متاثر ہونے والے صنعتی یونٹوں میں لائنرپاک جلاٹین، اتحاد کیمیکلز، آئل ملز، راوی پیٹروسن، راوی کیمیکلز کمپلیکس اور منوں ٹیکسٹائل سمیت چک نمبر 44 ،جیر، کالاشاہ کاکو اسٹیشن، خدا کی بستی، چک 43,42 ،شاہ خالد ٹائون، پٹھان کالونی، کالاشاہ کاکو رائس ریسرچ فارم، کچے کوٹھے اور کالاشاہ کاکو کیمپلیکس وغیرہ شامل ہیں۔

جہاں پر چار سے پانچ فٹ تک پانی کھڑاہے۔ جبکہ خوراک اور کھا نے پینے کی اشیاء کی شدید قلت کے سبب بے گھر ہونے والے متاثرین کے پاس اپنے لئے کھانے پینے کی اشیاء اور مویشیوں کو ڈالنے کیلئے چارہ ختم ہو چکا ہے جسکی وجہ سے وہ مسلسل تین روز سے بھوکے پیاسے جی ٹی روڈ اور ریلوے لائن پربے یارو مددگار کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔