اوباما نے لگایا دال قیمے کا تڑکا، میاں صاحب نے دعوت دے ڈالی

Obama - Nawaz Sharif

Obama – Nawaz Sharif

واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن ڈرون طیارے، دہشت گردی، معیشت، تجارت اور توانائی جیسے سنجیدہ امور پر گفتگو میں صدر اوباما نے دال قیمے کا تڑکا بھی لگایا۔ صدر اوباما نے بات چھیڑی تو میاں صاحب کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔ امریکی صدر کو دال قیمے کی دعوت بھی دے ڈالی۔ میاں نوازشریف کی اس دورے کی آخری بیٹھک ہوئی امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ۔ بہت سے سنجیدہ امور پر گفتگو میں ایک منفرد موڑ آیا جب اوباما نے دسترخوان سے جڑی یادوں کا ذکرکیا۔

1981 میں پاکستان میں کھایا گیا دال قیمہ 2013 میں بھی صدر اوباما کہ منہ میں پانی لے آیا۔ ادھر میاں نواز شریف جو پہلے ہی اپنی مہمان نوازی اور ناشتے کی دعوتوں کے حوالے سے مشہور ہیں۔ ان کو بھی صدر اوباما کی جانب سے چھیڑا گیا اپنا من پسند موضوع خوب بھایا۔

تبھی وزیراعظم نے فٹافٹ صدر اوباما کو پاکستان آنے اور دال قیمہ کے مزے اڑانے کی دعوت دے ڈالی۔پر صدر اوباما پاکستان آئیں تو اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ میاں نواز شریف کے دسترخوان پر انہیں صرف دال قیمہ نہیں ملنے والا۔ بلکہ سری پائے سمیت طرح طرح کی ڈشز ایک بار پھر صدر صاحب کا دل لبھانے کے لیے موجود ہوں گی۔